امریکا پاکستان کو نائٹ وژن آلات فروخت کرے گا

امریکا پاکستان کو نائٹ وژن آلات فروخت کرے گا

امریکا کی وزارت دفاع نے پاکستان کو نائٹ وژن آلات فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔ نائٹ وژن آلات کی تیاری اور کوبرا ہیلی کاپٹرز میں تنصیب کا معاہدہ لوک ہیڈ مارٹن کو دیا گیا ہے۔2022 میں ٹارگٹ سائٹ سسٹم پاکستان کے حوالے کیا جائے گا۔پینٹاگون کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اس معاہدے کی اصل مالیت 29ارب 77کروڑ روپے ہے جس میں ٹارگٹ سائٹ سسٹم کے سافٹ ویئر میں مزید بہتری ، تجربات اور کوبرا ہیلی کاپٹرز میں اس کی تنصیب بھی شامل ہے۔یہ نظام رات میں کارروائیوں اور دن میں دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں مدد گار ثابت ہوتا ہے اور علاقے کے بارے میں بروقت معلومات فراہم کرتا ہے۔ٹارگٹ سائٹ سسٹم اے ایچ ، ون زی کوبرا ہیلی کاپٹرز میں استعمال کیا جائے گا جو امریکی میرین کور اور پاکستان کے زیر استعمال ہے۔پاکستان مجموعی مالیت کا 20فیصد امریکا کو ادا کرے گا۔پینٹاگون کا کہنا ہے لوک ہیڈ مارٹن کمپنی ٹارگٹ سائٹ سسٹم فلوریڈا میں تیار کرکے 2022تک امریکی بحریہ اور پاکستان کے حوالے کرے گی۔اس سے پہلے جنوری میں امریکا نے اسی نظام کی پاکستان کو فراہمی کے لیے لوک ہیڈ مارٹن سے ڈیڑھ ارب روپے کا ایک اور معاہدہ کیا تھا جس کے تحت ٹارگٹ سائٹ سسٹم کی پاکستان کو فراہمی اگلے سال دسمبر میں کی جائے گی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*