انگلینڈ کے خلاف پاکستانی ٹیم کا اعلان، نظریں سب کی عامر پر

انگلینڈ کے خلاف پاکستانی ٹیم کا اعلان، نظریں سب کی عامر پر

لندن(7نیوز)  قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے لارڈز ٹیسٹ کیلئے پاکستان کی 12 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق کوچ مکی آرتھر نے جمعرات سے لارڈز میں انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے 12 رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ ٹیم میں اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ فاسٹ باؤلر محمد عامر بھی شامل ہیں جن کی چھ سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی ہو رہی ہے۔ ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستان کی 12 رکنی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ مصباح الحق(کپتان)، محمد حفیظ، شان مسعود، اظہر علی، یونس خان، اسد شفیق، سرفراز احمد، محمد عامر، وہاب ریاض، یاسرشاہ، راحت علی اور عمران خان۔ پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے ٹیم کے گیارہویں کھلاڑی کیلئے راحت علی اور عمران خان کے درمیان مقابلہ ہے جہاں دائیں ہاتھ سے باؤلنگ کرنے کے سبب عمران خان کو موقع دیے جانے کا امکان ہے۔ میچ کیلئے پاکستان کی حتمی گیارہ رکنی ٹیم کا اعلان میچ سے قبل کیا جائے گا۔ ادھر انگلینڈ پہلے ہی اپنی گیارہ رکنی ٹیم کا اعلان کر چکا ہے جس میں انگلینڈ کے سب سے کامیاب باؤلر جیمز اینڈرسن شامل نہیں ہیں جبکہ بین اسٹوکس اور جوز بٹلر بھی انجری کے سبب نہیں کھیل سکیں گے۔

 

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*