بینظیر بھٹو کی 9 ویں برسی کی تیاریاں گڑھی خدا بخش میں مکمل

بینظیر بھٹو کی 9 ویں برسی کی تیاریاں گڑھی خدا بخش میں مکمل

بے نظیربھٹو کی نویں برسی کے موقع پرپاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے ملک بھرمیں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، بختاوراورآصفہ بھٹو زرداری سمیت چیئرمین سینیٹ رضا ربانی، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور اعتزاز احسن سمیت ملک بھر سے پارٹی رہنما گڑھی خدا بخش بھٹو پہنچ چکے ہیں ۔بے نظیر بھٹوکے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کی جارہی ہے ۔جس کے بعد اجتماعی دعا کے ساتھ  لنگرتقسیم ہوگا۔ ایک بجے جلسہ عام شروع ہوگا جس میں ملک بھرسے آنے والے شاعر اپنے کلام کے ذریعے بے نظیر بھٹوکی خدمات کو خراج تحسین اور نذرانہ عقیدت پیش کریں گے۔ تاہم مرکزی تقریب ان کے آبائی علاقے گڑھی خدا بخش میں منعقد ہورہی ہے۔ملک بھرسے آنے والے کارکنان کے سہولت کے لیے کیمپ قائم کیے گئے ہیں جبکہ میڈیکل  کیمپ اورپانی کی سبیلیں بھی لگائی گئی ہیں۔سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 6500 پولیس افسران واہلکار اور300 رینجرز اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ٹریفک انتظامات کے لیے 700 ٹریفک اہلکار بھی فرائض انجام دے رہے ہیں۔برسی کے موقع پرجلسہ گاہ، پارکنگ اوردیگرعلاقوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جارہی ہے جبکہ جلسہ عام کے بعد نوڈیرو میں شام کے وقت پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔بے نظیر بھٹو کے 9 ویں یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں آصف زرداری نے کہا ہے کہ آج ہم  بے نظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کررہے ہیں، جن کا وژن ایک جدید، ترقی پسند اورخوشحال پاکستان تھا اور جن کا عزم تھا کہ وہ ان مسلح مذہبی انتہاپسندوں کے خلاف جنگ آخری فتح تک جاری رکھیں گی۔ان کے پاس آسان راستہ اختیار کرنے کا موقع موجود تھا اور وہ انتہاپسندوں کی مزاحمت ترک کردینے کا تھالیکن وہ پاکستانیوں کیلیے خوشحالی کا خواب رکھتی تھیں اوراس خواب کو شرمندہ تعبیرکرنے کیلیے انھوں نے اپنی جان دہشت گردوں کے خلاف جنگ کی قیادت کرتے ہوئے قربان کردی۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری اورشریک چیئرمین آصف زرداری آج بے نظیر بھٹوکی 9 ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں ہونے والے جلسے میں حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے اہم اعلان کریں گے ۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*