نور بخاری بھی بشریٰ مانیکا کی مرید نکلیں

نور بخاری بھی بشریٰ مانیکا کی مرید نکلیں

لالی وڈ کی سابق اداکارہ نور بخاری بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی طرح بشریٰ مانیکا عرف ‘مس پنکی’ کی مرید نکلیں۔گزشتہ برس اکتوبر میں نور بخاری کی حجاب میں ملبوس ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد یہ بات منظرعام پر آئی کہ انہوں نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے اور ان کا رجحان دینی تعلیمات کی جانب ہو چکا ہے۔نور بخاری نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنی مرشد بشریٰ کے کہنے پر ہی عبایا اور حجاب زیب تن کیا اور اب انہوں نے مکمل طور پر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ مرشد بشریٰ سے ایک عزیز کے ذریعے ملیں اور ان کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئی۔اپنے سابق شوہر سے طلاق کے حوالے سے نور نے بتایا کہ ‘کچھ افواہیں گردش کر رہیں ہیں کہ میں نے ولی حامد سے طلاق اپنی مرشد بشریٰ کے کہنے پر لی، جب کہ ایسا کچھ نہیں ہے، مرشد بشریٰ نے کبھی نہیں کہا کہ میں ولی حامد سے طلاق لوں’۔ساتھ ہی انہوں نے گفتگو کے دوران سابق خاوند اعوان چوہدری سے شادی کی قیاس آرائیوں کی بھی وضاحت دے ڈالی اور کہا کہ ‘یہ بات قطعی طور پر غلط ہے کہ میں دوبارہ اعوان چوہدری سے شادی کروں گی’۔واضح رہے کہ بشریٰ مانیکا گذشتہ چند دنوں سے خبروں کی زینت ہیں، جنہیں پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے شادی کی پیشکش کی گئی ہے۔اس سے قبل خبریں گرم تھیں کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے یکم جنوری کی شب لاہور میں اپنی روحانی رہنما بشریٰ بی بی سے شادی کرکے سال نو کا آغاز کیا، تاہم پی ٹی آئی نے اپنے وضاحتی بیان میں شادی کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ فی الوقت صرف شادی کی پیشکش کی گئی ہے۔پی ٹی آئی بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ بشریٰ مانیکا نے کوئی قدم اٹھانے سے پہلے خاندان سے مشورے کے لیے وقت مانگا ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*