بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ ، پاک فوج کے 7 جوان شہید

بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ ، پاک فوج کے 7 جوان شہید

بھارتی افواج نے جنگی جنون میں مبتلا ہو کر ایک بار پھر ایل او سی پر فائرنگ کا سلسلہ شروع کر دیا جس سے پاک فوج کے 7 جوان شہید ہوگئے ۔ بھارتی افواج کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کا سلسلہ بھمبر سیکٹر میں شروع ہوا جو بہت دیر تک بلاتعطل جاری رہا ، اس دوران بھارتی افواج کی فائرنگ سے پاک فوج کے 7 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ، دوسری طرف بھارتی افواج کی فائرنگ کے جواب میں پاکستانی افواج کی فائرنگ سے تین بھارتی چوکیاں بھی تباہ ہوگئیں جبکہ متعدد بھارتی فوجی جہنم واصل ہوگئے ۔ پاکستان کی جانب سے بھارتی افواج کی فائرنگ پر شدید احتجاج کیا گیا ۔ دوسری جانب بھارتی اشتعال انگیزی پر پاکستانی رہنماؤں نے بھرپور ردعمل کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ دشمن نے اگر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اسے بھرپور جواب دیں گے ، وزیر دفاع خواجہ آصف نے عالمی برادری سے بھارتی جارحیت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔ بھارتی جارحیت پر پاکستان کے سیاسی رہنماؤں کا بھرپور ردعمل ، ایل او سی واقعے پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری فوج بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دے رہی ہیں ، بھارت نے کنٹرول لائن پر بھاری اسلحہ استعمال کیا ، عالمی برادری بھارتی جارحیت کا نوٹس لے ۔ وفاقی وزیر عابد شیر علی نے بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا پاکستان کی مسلح افواج اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتی ہیں ۔ بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے بارڈر پر فائرنگ کرتا ہے ۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے ، ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے ، جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، ایل او سی پر بھارت کو پہلے بھی بھرپور جواب دیا اب بھی دے رہے ہیں ۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی بھارتی اشتعال انگیزی کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا مودی سرکار خون کی پیاسی بن چکی ہے لیکن پاکستانی عوام اور افواج مل کر اس کے مکروہ عزائم ناکام بنائیں گے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے شہداء جوانوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی بھارتی جارحیت کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ۔ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کو اپنا دفاع کرنا آتا ہے چاہے کوئی بھی جنگ ہو ، پاکستان کا ایجنڈا صرف ترقی اور امن ہے ۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*