پاک فوج کی کمان جنرل قمر جاوید باجوہ کے سپرد

پاک فوج کی کمان جنرل قمر جاوید باجوہ کے سپرد

جنرل قمر جاوید باجوہ نے نئے آرمی چیف کا عہدہ سنبھال لیا ، سبکدوش ہونے والے سپہ سالار راحیل شریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو روایتی کمانڈ کین پیش کی ۔ تبدیلی کمان کی تقریب جی ایچ کیو ہاکی سٹیڈیم راولپنڈی میں ہوئی ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کمانڈ کین لینے کے بعد سبکدوش ہونے والے جنرل راحیل کو سلامی دی اور ہاتھ ملایا ۔ اعزازی گارڈ لہو کو گرما دینے والی دھن کے ساتھ سلامی دیتا ہوا چبوترے کے سامنے سے گزرا ۔ تقریب کے بعد سابق جنرل راحیل شریف فوجی افسران اور وفاقی وزرا کے درمیان گھل مل گئے ۔ اس سے قبل تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا ۔ جنرل راحیل شریف اور جنرل قمر جاوید باجوہ جب سٹیڈیم میں پہنچے تو ان کا بھرپور انداز میں استقبال کیا گیا ۔ نئے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ ٹین کور کی کمانڈ بھی کر چکے ہیں ۔ تقریب میں وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین ، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ، خواجہ آصف ، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب ، جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات ، اشفاق پرویز کیانی ، عبدالقادر بلوچ ، ایئر چیف مارشل سہیل امان سمیت ارکان کابینہ و زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پریڈ کا معائنہ کیا ۔ سبکدوش آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا ہرفیصلہ کرتے ہوئے قومی مفاد کو اولین ترجیح دی ، دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑ کر تاریخ کا دھارا موڑ دیا ، تحمل کی پالیسی کو کمزوری سمجھنا خود بھارت کے لیے خطرناک ہوگا ، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر پائیدار امن نہیں آسکتا ، سی پیک کے دشمنوں کو بھی وارننگ دی ۔ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کا الوداعی خطاب مختصر اور جامع ، نرم بھی گرم بھی ۔ انہوں نے خطاب میں دوستوں کا شکریہ ادا کیا اور دشمن کو سخت پیغام دیا ۔ سابق آرمی چیف نے نوید سنائی کہ دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی ، تاریخ کا دھارا موڑ دیا ۔ قوم اور اداروں کو خطے میں درپیش چیلنجز سے متعلق خبردار کیا اور لائحہ عمل بھی دیا ۔ بھارت کو وارننگ دی اور عالمی برادری پر مسئلہ کشمیر کی اہمیت واضح کی ۔ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کے دشمنوں کو نئی راہ بھی دکھائی ۔ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے بتایا کہ ہر فیصلے میں قومی مفاد کو اولین ترجیح دی ۔ پختہ یقین ہے پاک فوج قوم کے اعتماد پر پورا اترے گی ۔ قربانیوں کو سراہا ، شہدا کو سلام پیش کیا ۔ الوداعی خطاب سے پہلے سابق سپہ سالار نے اعزازی گارڈز کے دستوں کا معائنہ کیا ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ بلوچ رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے چوتھے سربراہ ہیں ۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*