پیپلز پارٹی کا قومی اسمبلی میں سید خورشید شاہ کو ہی اپوزیشن لیڈر برقرار رکھنے کا فیصلہ

پیپلز پارٹی کا قومی اسمبلی میں سید خورشید شاہ کو ہی اپوزیشن لیڈر برقرار رکھنے کا فیصلہ

پیپلز پارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو تبدیل کئے جانے کی خبروں کی تردید کر دی گئی ہے ۔ ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تبدیل نہیں کیا جا رہا ، خورشید شاہ ہی اپوزیشن لیڈر رہیں گے ۔ ترجمان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر تبدیل کرنے کی خبریں من گھڑت ہیں ، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے اسمبلی میں جانے پر بھی خورشید شاہ کا عہدہ متاثر نہیں ہو گا ۔ اس سے قبل پیپلز پارٹی کے جلسے میں بلاول بھٹو زرداری نے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ وہ اور آصف زرداری انتخابات میں حصہ لے کر قومی اسمبلی میں جانا چاہتے ہیں تاکہ قومی سیاست میں بھرپور کردار ادا کرسکیں ، اس حوالے سے یہ افواہیں بھی سرگرم تھیں کہ بلاول بھٹو زرداری قومی اسمبلی کی نشست پر منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں بطور قائد حزب اختلاف کردار ادا کرنے کے خواہش مند ہیں جس کے بعد خورشید شاہ سے ان کا عہدہ واپس لے لیا جائے گا ۔ اس صورتحال پر ترجمان پی پی نے کہا کہ خورشید شاہ کو عہدے سے ہٹانے کی خبریں بے بنیاد ہیں ، اگر بلاول بھٹو زرداری قومی اسمبلی کا حصہ بن بھی جاتے ہیں تو اس صورت میں بھی خورشید شاہ ہی بطور اپوزیشن لیڈر اپنا کردار ادا کریں گے اور ان سے ان کا عہدہ واپس نہیں لیا جائے گا ۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*